تاریخ تہذیب انسانیت علم کی ممنون ہے قوموں کی روحانی اور جسمانی زندگی علم ہی سے پروان چڑھتی ہے ۔شریعت خاتم المرسلین میں علم کو جو عزت و عظمت عطا کی گئی ہے وہ ادیان عالم میںسے کسی کو نصیب نہیں ہوئی ۔ کلام پاک کا فرمان ”ھل یستوی الذین یعلمون والذین لایعلمون“ظاہر کرتا ہے کہ علم کے بغیر انسان نہ صرف حیوان بلکہ حیوان سے بد تر ہے ۔ نبو ت کے آخری تاجدار ختم المر سل کے فرمان کے پیش نظر پاکستا ن کی سب سے عظیم یونیورسٹی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر لاھور( شیعہ اسلامی یونیورسٹی ) میں عظیم ترین لائیبر یری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جس سے پاکستا ن و غیرممالک کے ہزارہا طلبا ءاستفادہ حاصل کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں ،قصبوں ،دیہاتوں میں علوم محمد وآل محمد کی شمع روشن کر رہے ہیں ۔
عمارت : لائیبریری کا وسیع عریض ہال جامعہ ھذا میں واقع علی مسجد کی چھت کے ساتھ بالائی منز ل پر واقع ہے ۔ ہال کے دروازوں کے ساتھ کیٹا لاگ موجود ہے جن میں مختلف موضوعات پر مشتمل کارڈ موجود ہیں ۔ قارئین بڑی آسانی کے ساتھ کیٹا لاگ دیکھ کر اپنی پسند کی ہوئی کتاب حاصل کر سکتا ہے ۔
ترتیب : کتابیں مختلف موضوعات کے تحت مختلف الماریوں میں قرینے سے سجائی گئی ہیں ۔کتاب کی آراستگی اور صفائی کا خاطر خواہ خیال رکھا جاتا ہے ۔تمام کتب سفید کاغذ سے ٹیپ لگا کر اس پر اس کا نمبر اور الماری کا خانہ نمبر درج کیا گیا ہے ۔جس سے کتاب حاصل کرنا آسان تر ہو گیا ہے اور اس سے لائیبریر ی کی زیب وزینت اور آراستگی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔
ذخیرہ کتب : شیعہ اسلامی یونیورسٹی جامعة المنتظرمیں کتب کے عظیم الشان ذخیرہ میں قرآن پاک کے قدیم و نادر ،نایاب نسخوں کے علاوہ علوم قرآن ،تفسیر قرآن ،حدیث ،اصول حدیث ،رجال حدیث ،فلسفہ ،فقہ ،منطق ،عقائد ،مناظرہ ،علم الکلام ،اخلاقیات ،خطبات ،اقتصادیات ،لغت ،حزینہ ،شعرو ادب ،مجالس ،نحو،صرف ،اسلام شناسی ،ادیان عالم پر مشتمل ہزار ہاکتب کا ذخیرہ موجو دہے اس کے علاوہ سید المرسلین اور اولاد سید المر سلین کی مفصل سوانح حیات اور کتب مقاتل پر مشتمل ہزاروں کتب کا ذخیرہ موجود ہے ۔
ِ 1 ۔ قرآن : لائبریری میںقرآن پاک کے بہت سے نادر نسخے موجود ہیں ۔جو وقت کے ساتھ ساتھ ضعیف حالت کے یہ قلمی نسخے بڑی حفاظت کے ساتھ لائبریری میںرکھے گئے ہیں ۔جو تقریباًساڑھے تین سو سال گزرنے کے بعد اس بات کی شہادت دے رہے ہیں کہ ملت جعفریہ نے دیگر اسلامی مکاتبِ فکرکے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی ترویج و اشاعت میں بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔
2 ۔ تفسیر قرآن : لائبریری ھٰذا میں تفاسیر اھل سنت میں تفسیر طبر ی ،رازی ،نیشاپوری ،خازن ،بیضاوی ،کشاف ،درمنثور،اتقان ،مظہری ،روح المعانی ،قاسمی ،طنطاوی اور تفاسیر امامیہ میں تفسیر برھان ،مجمع البیان ،منبح الصادقین ،تفسیر قمی ،جامعہ بروجردی ،اور اس دور کی اہم تفسیر نمونہ جس کا ترجمہ ابوذر زماں محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلی اللہ مقامہ نے فرماکر ملت اسلامیہ پر احسان فرمایا ہے ۔
3 ۔ کتب احادیث : کتب احادیث میں صحاح ستہ ،شروح صحاح ستہ ،کتب اربعہ ،اور اس کے علاوہ اھل اسلام کی اہم کتب احادیث موجود ہیں ۔
4 ۔ تواریخ : مشہور تواریخ میں طبر ی ،ابن اثیر ،ابوالفداء،بدایہ والنھایہ ،ابن خلدون وناسخ التواریخ جیسی اہم کتب لائبریری میں موجود ہیں ۔
5 ۔ فقہ : اھل اسلام کی مشہور فقہ ،ھدایة،نیل الاوطار ،رد ۔۔۔۔۔،فتاوٰی عالمگیری سے لے کر شرائع الاسلام ،شرح لمعہ ،عروة الوثقیٰ تک موجود ہیں ۔
6 ۔ اردوکتب : عوام کے اذہان و شعور کو اسلامی اقدار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کتب کا کافی ذخیرہ موجود ہے ۔جس میں عربی فارسی کتب کے تراجم علمائے ھندوپاک کے علم کلام مناظرہ ،تاریخ ،سوانح ،اخلاقیات اور مقاتل پر لکھی ہوئی کتب موجود ہیں ۔
7 ۔ درسی کتب : لائبریری ھٰذا میں جامعہ کے طلاب کے لئے درسی کتب کا کافی ذخیرہ موجو د ہے ۔جامعہ کا ہر طالب علم سالانہ ممبر شپ جمع کروانے کے بعد کارڈ حاصل کر کے درسی کتاب حاصل کر سکتا ہے ۔اس کے علاوہ اسے برائے مطالعہ ہر کتاب حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے ۔
بیرونی قارئین : بیرونی افراد سالانہ ممبر شپ ادا کرنے کے بعد لائبریری کا رڈ کے ذریعہ اپنی پسندیدہ کتاب حاصل کر سکتا ہے ۔بیرونی قارئین کے لئے لائبریری ھال میں یہ بندوبست بھی کیا گیا ہے کہ وہ لائبریری کے اوقات میں وہاں بیٹھ کر مطالعہ کرے ۔اسی وجہ سے یہ لائبریری اسلامیات کے موضوع پر سپیشلائزیشن کرنے والے محققین کے تحقیقی مضامین کی تکمیل کے لئے ایک اہم مقام کی حیثیت حاصل کرگئی ہے ۔
عطیہ کتب : بہت کافی تعداد میں کتب بطور عطیہ وصول ہوئی ہیں جن میں علامہ حائری اعلیٰ اللہ مقامہ ،مولانا ظفر عباس خان صاحب ،جناب پروفیسر وزیر الحسن عابدی صاحب اور شاعر حسینیت جناب قیصر بارھوی صاحب کا اسم گرامی ہے ۔ان کی عطا شدہ کتب ان کے نام سے مخصوص الماریوں میں رکھی گئی ہیں ۔ بعض مومنین نے اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے بھی کتب بطور عطیہ فرمائی ہیں ۔
کمپیو ٹر : لائبریری میں کثیر التعداد کتب کے کنڑول کرنے کے لئے کمپیوٹر کی ضرورت محسوس کی گئی ہے ۔پرنسپل حوزہ علمیہ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کوشاں ہیں کہ جلد از جلد اس جدید تر ٹیکنالوجی سے لائبریری کو مفید تر بنایا جائے ۔
فاطمہ ھال : ہزارہا کتب کی موجودگی میں عمارت کو ناکافی سمجھتے ہوئے پرنسپل صاحب حوزہ علمیہ نے فاطمہ ہال کی تعمیر مکمل کرائی ہے تاکہ لائبریری کو مزید وسیع کیا جاسکے ۔
اوقات لائبریری : تما م سال لائبریری 2 بجے بعد از دوپہر تا قبل از مغرب کھلی رہتی ہے ۔قارئین کے اصرار کے پیش نظر اوقات کی توسیع زیر غور ہے ۔
عملہ : پر نسپل حوزہ علمیہ جناب حافظ سید ریاض حسین صاحب نجفی جنہیں کتابوں سے ناقابل حد تک ربط و شغف ہے وقتاً فوقتاًخود تشریف لاکر مفید مشوروں سے سرفراز فرماتے ہیں ۔انچارج کتب لائبریری مولانا خان سجاد حسین خان بلوچ اور ان کے معاونین راقم الحروف سید ظفرعلی رضوی ،سید مومن شاہ ، امیر حسین شاہ وقت کی پابندی کے ساتھ لائبریری کے تمام امور باحسن طریق سرانجام دیتے ہیں ۔
|